• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل سے پاکستان ٹیم کیلئے منتخب ہونا چاہتا ہوں، عرفات منہاس

فوٹو، اسکرین گریب
فوٹو، اسکرین گریب

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑی عرفات منہاس نے کہا ہے کہ جانتا ہوں یہ لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے کتنا اہم پلیٹ فارم ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کروں گا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے 18 سالہ عرفات منہاس نے کہا کہ چاہتا ہوں پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کر کے خود کو اچھا آل راؤنڈرد ثابت کروں اور پاکستان اسکواڈ میں جگہ بناؤں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے ماضی میں کئی نوجوان کرکٹرز کو فرش سے اٹھا کر عرش تک پہنچایا اور انہیں یقین ہے کہ وہ بھی اس لیگ کے دوران اپنے سفر میں تیزی لاسکتے ہیں۔

عرفات منہاس پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں مگر وہ سمجھتے ہیں کہ پی ایس ایل مزید سخت پلیٹ فارم ہے اور ان کی نظریں اب پاکستان کے لیے کھیلنے پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سال ان کے لیے کافی اہم ہیں، ان 2 سالوں میں وہ کافی محنت کریں گے کیوں کہ یہ ہی محنت ان کے مستقبل کی راہوں کا تعین کرے گی۔

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ وہ لیگ کھیلنے پر کافی خوش اور ایکشن کے لیے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی سے ٹیم کو جتوانے کی کوشش کریں اور ٹیم کی قوت کو بنا کر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ملر اور رائلی روسو جیسے پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک بڑا موقع ہے، یہ دنیا کے بہترین ہٹرز ہیں، کوشش ہوگی کہ ان سے پاور ہٹنگ کا آرٹ سیکھوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ڈیوڈ ملر سے میچ کو فنش کرنے کا گر سیکھوں کیوں کہ ملر دنیا کے بہترین فنشر ہیں اور آج کل کی کرکٹ میں فنشر کی کافی اہمیت ہے۔

عرفات منہاس نے بتایا کہ وہ مختلف ایج گروپ کی کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچے ہیں، 10 سال کے تھے اس وقت سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، والد کی خواہش تھی کہ وہ کرکٹر بنیں، وہ تو کرکٹڑ نہ بن سکیں لیکن مجھے گراونڈ لے کر جایا کرتے تھے اور اب میں ان کا شوق پورا کررہا ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ آغاز سے ہی نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے جہاں وہ پرفارم کر کے قومی ٹیم میں سلیکشن کی اپنی راہیں ہموار کرتے ہیں۔

شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی ایسے پلیئرز ہیں جو پی ایس ایل کی پرفارمنس کے سبب ہی پاکستان ٹیم تک پہنچے ہیں۔

اس سال بھی ہر ٹیم میں کئی نوجوان کرکٹرز ایسے ہیں جو پی ایس ایل میں پرفارمنس  دے کر پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے پر نظریں مرکوز کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہوگا، ملتان سلطانز افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مقابلہ کرے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید