اسلام آباد (آن لائن)اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت ہر بات کو سازش کہہ کر نہیں ٹال سکتی۔حکومت وقت کا ضیاع کرنے کے بجائے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو من و عن تسلیم کرے۔ پیپلز پارٹی سڑکوں کی سیاست سے گریز کرنا چاہتی ہے لیکن پاناما لیکس کیلئے ٹی او آر ز مذاکراتی کمیٹی ناکام ہوئی تو پیپلز پارٹی سڑکوں پر نکلے گی۔ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات کو پسند کرتی ہے اور جمہوری حکومت کے خلاف سڑکوں کی سیاست سے گریز کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو وقت ضائع نہیں کرنا چاہیئے اور اپوزیشن کے ٹی او آرز کو من و عن تسلیم کر کے تحقیقات شروع کروانی چا ہیں۔ حکومت کی نہ سمجھی کی وجہ سے ٹی او آر ز میں ڈیڈ لاک برقرار ہے اور کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں خود کہا کہ وہ خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر بات کو جمہوریت کے خلاف سازش کا کہہ کر ٹالنا چاہتی ہے تو اب ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔