کراچی(اسٹاف رپورٹر)حالیہ مہینوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔اتوار کو پاکستانی ٹیم کیپ ٹاون میں ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی مشکل مہم کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کررہی ہے۔میچ سے قبل بھارتی کرکٹر سمریتی مندھانا ان فٹ ہوگئیں۔بیٹنگ کوچ کے مطابق سمریتی مندھانا کی انگلی میں فریکچر نہیں ، معمولی انجری کا سامنا ہے، کپتان ہرمن پریت کور پاکستان کے خلاف میچ کے لیے فٹ قرار دے دی گئیں۔پاکستان گروپ بی میں شامل ہے جہاں اسکا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف بارہ فروری کو کیپ ٹاؤن میں پاکستانی وقت کے مطابق شام چھے بجے کھیلا جائے گا۔پاکستان اور آئرلینڈ کا میچ 15 فروری کو کیپ ٹاؤن میں پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے کھیلا جائے گا۔پاکستان گروپ بی میں اپنا تیسرا میچ 19 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بولینڈ پارک میں پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے کھیلے گی۔پاکستان ٹیم گروپ بی کا اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں 21 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے کھیلے گی۔ندا ڈار کہتی ہیں کہ ورلڈ کپ کی تیاریاں اچھی رہی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ نہ جیتنے کے باوجود ہماری سیریز اچھی رہی۔ہمارے گروپ میں انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں ہیں۔ اچھا کھیل پیش کرکے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبی نیشن ہوا ہے۔ بیٹنگ آرڈر میں عالیہ ریاض اور عائشہ نسیم کے کردار بہت اہم ہوں گے، آخری پانچ اوور واقعی اہم ہیں۔ بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ایسا ہے کہ اس میں کسی چھٹی کے دن کی ضرورت نہیں ہے۔میں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی کھلاڑی بننے کے ریکارڈ کا کوئی اضافی دباؤ نہیں لینا چاہتی۔