کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان سپر لیگ ٹین میں آسٹریلوی مٹی سے بنی ہوئی پچ پر بولروں کو پرتھ والا بائونس تو نہ مل سکا لیکن آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے47گیندوں پر60رنز بناکر کراچی کنگز کو پشاور زلمی کے خلاف دو وکٹ سے کامیابی دلوادی۔ خوشدل نے میچ وننگ کارکردگی دکھاکر کنگز کا دل خوش کردیا۔ میچ کا فیصلہ تین گیند پہلے ہوا۔ حسین طلعت کے آخری اوور میں جیت کیلئے9رنز کی ضرورت تھی۔ خوش دل شاہ نے تین وکٹیں لینے کے بعد17 گیندوں پر23 رنز ناٹ آئوٹ اور حسن علی نے چھ ناٹ آئوٹ رنز بناکر مشکل جیت کو آسان کردیا۔ کراچی نے پانچویں میچ میں تیسری کامیابی حاصل کی جبکہ پشاور کو چوتھے میں تیسری شکست کا ذائقہ چکھنا پڑا۔ کراچی میں پاکستان کے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین بابر اعظم کی قسمت نے ساتھ دیا لیکن اس کے باوجود وہ نصف سنچری نہ بناسکے ۔ انہیں میچ کی دوسری گیند پر میرحمزہ نے ایل بی ڈبلیو کردیا لیکن ریویو پر مشہور امپائر پال رائفل کا فیصلہ واپس ہوگیا۔ میرحمزہ کے اگلے اوور میں ان کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔ اس وقت وہ دو رنز پر تھے۔ دو مواقع ملنے کے باوجود بابر اعظم کی بیٹنگ میں اعتماد دکھائی نہیں دیا۔ کراچی کی اننگز میں ٹم سائفرٹ کو صفر پر لیوک ووڈ نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ جیمز ونس11رنز بناکرووڈ کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے۔ نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے اپنے پاکستان انڈر19ٹیم کے کپتان سعد بیگ کو9 رنز پر بولڈ کردیا۔42 رنز پر تین وکٹ گر گئے۔ لیوک ووڈ نے تین اوورز کے پہلے اسپیل میں 18رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ عرفان نیازی غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں دس رنز پر رن آئوٹ ہوگئے۔ محمد نبی نے11گیندوں پر14رنز کی اننگز کھیلی۔ عارف یعقوب نے چار اوورز میں18رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ عباس آفریدی دو رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ عامر جمال ایک رن بناکر علی رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے 8 وکٹ پر 147 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب صرف 4 رنز بناکر کیچ ہوگئے۔ ٹام کوہلر کوڈ مور 7 جب کہ بابراعظم کئی مواقع ملنے کے باوجود 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابر نے41گیندیں کھیلیں اور سات چوکے مارے۔ محمد حارث21گیندوں پر 28 ، حسین طلعت 18 ، مچل اوون 5 اور عبدالصمد 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ الزاری جوزف نے 13 گیندوں پر 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اسپنر خوش دل شاہ نے تین اوورز میں20، عباس آفریدی نے30رنز کے عوض تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فاسٹ بولر میرحمزہ نے چار اوورز میں14رنز دے کر صائم ایوب کی پرائز وکٹ حاصل کی۔ عامر جمال نے دو اوورز میں21رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی کے چار اوورز میں33رنز بنے۔