ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کی فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ فی الحال فوکس صرف پی ایس ایل پر ہے، آگے کا نہیں سوچ رہا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عماد وسیم نے کہا کہ بابر اعظم کی کراچی کنگز کے لیے خدمات ہیں، فرنچائز کرکٹ میں پلیئرز آتے جاتے ہیں، اس سے فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کے لیے سب ہی پرجوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کامبی نیشن بنا کر میدان میں اتریں۔
کراچی کنگز کے کپتان نے مزید کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کا کلچر پوری دنیا کو دکھاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کی موجودگی سے فائدہ ہوگا، محمد عامر مستقل کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں، ورک لوڈ مینجمنٹ دیکھیں گے۔
عماد وسیم نے یہ بھی کہا کہ ہر کسی کی قیادت کا اپنا انداز ہے، میں جارحانہ کھیل پر یقین رکھتا ہوں، ابھی فوکس صرف پی ایس ایل پر ہے، آگے کا نہیں سوچ رہا۔
انہوں نے کہا کہ دوستی یاری کبھی کی نہ دوست یاروں کو ٹیم میں لاتا ہوں۔
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل نے دنیا کی دیگر لیگز اور ٹیموں کو بھی پلیئرز دیے۔ غیر ملکی پلیئرز بھی اس کو ترجیح دیتے ہیں۔