راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو ایڈز جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے آگاہی و راہنمائی مہم شروع کردی گئی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کے حکم پر پنجاب کی جیلوں کو ایڈز فری بنانے کے لئے ہرجیل میں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جو جیلوں میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تعاون سے آگاہی اور میڈیکل کیمپس کا انعقاد کررہی ہیں۔ان کیمپوں میں طبی ماہرین کی جانب سے اسیروں کو ایڈز کے مرض کے متعلق غلط تصورات سمیت بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق قیدیوں کو آگاہ کیاجارہاہے کہ متاثرہ افراد کے ساتھ امتیازی سلوک سے گریز کریں اور انہیں معمول کے مطابق زندگی گزارنے میں مدد فراہم کریں۔کسی متاثرہ شخص کے ساتھ کھانا کھانے اور ہاتھ ملانے سے یہ مرض منتقل نہیں ہوتا ۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں نے اس حوالے سے کہاہے کہ ایڈز جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے لئے احتیاط بے حد ضروری ہے۔ متوازن اور صحت مند زندگی کے اصولوں کو اپنا کر اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسیروں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، اوراس حوالے سے پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیروں کو ایڈز جیسے موذی مرض سے بچانے کیلئے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تعاون سے شب و روز کوشاں ہیں۔