پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں ایک بار پھر چیمپئن بننے آئی ہے۔ پلیئرز ڈرافٹ میں جو پلان تھا اس حساب سے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ ذاتی ہدف ٹورنامنٹ میں بہترین کھلاڑی بننے کا ہے۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں شاداب خان نے کہا کہ ان کی ٹیم اس بار کافی مختلف نظر آئے گی۔
شاداب خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ہر ٹیم چیمپئن بننے ہی آئی ہے اور ان کی ٹیم کا ارادہ بھی چیمپئن بننے کا ہے اور اس سوچ کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے۔ ٹیم کا کامبی نیشن پچھلے سال کے مقابلے میں کافی اچھا ہے، امید ہے فینز کو اس بار اسلام آباد کی ٹیم کافی اچھی لگے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے کھیلنے کا جو انداز ہے وہی اس کو دیگر ٹیموں سے مختلف بناتا ہے۔ ٹیم جدید تقاضوں کے مطابق کرکٹ کھیلتی ہے اور اس میں ہی اس کو کامیابی ملی ہے، اس بار بھی ٹیم وہی انداز اپنائے گی کیوں کہ اس طرح کھیلنے میں ٹیم کو کافی اعتماد ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ڈرافٹ میں اور اس سے قبل پلیئرز ریٹینشن میں یہی سوچ اپنائی ہوئی تھی کہ بیٹنگ میں گہرائی ملے، جو پلیئرز درکار تھے ڈرافٹ میں وہی کھلاڑی ملے ہیں۔ اُمید ہے کہ اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کےلیے ٹورنامنٹ کافی اچھا رہے گا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ٹیم کو انجریز کی وجہ سے کافی دھچکا لگا تھا، ٹیم کو اندازہ نہیں تھا کہ اس قدر پلیئرز کی انجری ہوجائے گی لیکن اس بار پلان یہی تھا کہ ہر پلیئر کا بیک اپ بینچ پر تیار ہو تاکہ اگر کوئی انجری کی صورتحال ہو تو مشکلات نہ ہوں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان سپر لیگ 8 میں ان کے کیا اہداف ہیں تو شاداب خان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹر بنے، ان کی بھی یہ ہی کوشش ہے کہ پی ایس ایل 8 میں اچھی کارکردگی دکھا کر ایونٹ کے بہترین کرکٹر بنیں۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ ببل تو ختم ہوگیا لیکن سیکیورٹی کی پابندیاں اب بھی ہیں اس لیے وہ اپنے روٹی گینگ کے ساتھ باہر جاکر کھانے انجوائے نہیں کرسکتے، جو کرنا ہے ہوٹل میں ہی کرنا ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ شادی کی وجہ سے کوئی پریشر نہیں ہے، پرسنل لائف اور کرکٹ لائف کو الگ رکھنے کی کوشش کریں گے۔