• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان اللّٰہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 8 میں ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار بولنگ کرکے اپنی دھاک بٹھا دی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے تیسرے میچ میں احسان اللّٰہ نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، وہ حالیہ ایونٹ کے صرف 2 میچز میں 7 وکٹ لے کر سرفہرست ہیں۔

احسان اللّٰہ پی ایس ایل کی تاریخ کے 10 بولرز میں شامل ہوگئے ہیں، جنہوں نے کسی ایک میچ میں 5 یا اُس سے زائد وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

اس لسٹ میں روی بھوپارا، فہیم اشرف اور عمر گل 6، 6 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ 5، 5 وکٹیں لینے والوں میں شاہین شاہ آفریدی، شاہد آفریدی، محمد سمیع، احسان اللّٰہ، راشد خان، نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں۔

فاسٹ بولر احسان اللّٰہ نے میچ میں مجموعی طور پر 24 گیندیں کروائیں، جن میں سے 16 پر مخالف ٹیم کوئی رن نہیں بنا سکی بلکہ اپنی 5 قیمتی وکٹیں بھی گنوا بیٹھی۔

احسان اللّٰہ کی فاسٹ بولنگ کے سامنے جیسن روئے، کپتان سرفراز احمد، عمر اکمل، افتخار احمد اور نسیم شاہ نہ ٹک سکے۔

افتخار احمد جنہوں نے نمائشی میچ میں وہاب ریاض کو آخری اوور کی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے، وہ احسان اللّٰہ کی صرف 1 گیند کا ہی سامنا کر سکے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید