• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلیڈی ایٹرز چاروں شانے چت، سلطانز 9 وکٹوں سے باآسانی کامیاب

کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی
کولاج فوٹو بشکریہ پی سی بی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے تیسرے میچ میں پہلے احسان اللّٰہ کی بولنگ پھر رائیلی روسوو کی بیٹنگ کے باعث ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 14ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ 

ملتان سلطانز کی جانب سے رائیلی روسوو نے 78 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

سلطانز کی جانب سے واحد آؤٹ ہونے والے بلے باز شان مسعود تھے جنہیں 3 رنز پر نوان توشارا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ:

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

سلطانز کی ناتجربہ کار بولنگ لائن کے آگے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تجربہ کار اور بڑی بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی۔ 

گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

مارٹن گپٹل 7، عبدالواحد بنگلزئی 1، سرفراز احمد 2، عمر اکمل 11، محمد نواز 14 جبکہ جارح مزاج افتخار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 

جیسن روئے 24، محمد حسنین 22 اور محمد حفیظ 18 رنز کے ساتھ ملتان سلطانز کے بولرز کے سامنے مزاحمت کرسکے۔ 

سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کوئٹہ کےلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے جنہوں نے 5 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ 

دیگر بولرز میں ثمین گل اور عباس آفریدی نے دو دو جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ لی۔ 

مین آف دا میچ:

ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گزشتہ میچز:

خیال رہے کہ یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایونٹ میں پہلا میچ تھا جبکہ ملتان سلطانز کا دوسرا میچ تھا۔ افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز نے ایک رن سے شکست دی تھی۔

پلیئنگ الیونز:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، جیسن روئے، عمر اکمل، افتخار احمد، محمد حفیظ، محمد نواز، نسیم شاہ، نوان توشارا، محمد حسنین اور عبدالواحد بنگلزئی میدان میں اترے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے محمد رضوان، احسان اللّٰہ، شان مسعود، ڈیوڈ ملر، خوشدل شاہ، کیرون پولارڈ، اکیل حسین، اسامہ میر، سمین گل اور عباس آفریدی کھیل رہے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید