• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 8: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دیدی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔

ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے لیے 211 رنز کا ہدف سیٹ کیا تاہم وہ 18 اعشاریہ 5 اوورز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب 53، محمد حارث 40 اور رومن پاول 23 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے احسان اللّٰہ اور اُسامہ میر  نے 3، 3 جبکہ عباس آفریدی نے 2 اور بریتھ وائٹ نے 1 وکٹ اپنے نام کیں۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میزبان ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 210 رنز بنائے، اننگز کے دوران محمد رضوان اور رائیلی روسو نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز اوپن کی اور پہلی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔

شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ملتان کی دوسری وکٹ 116 کے مجموعے پر کپتان رضوان کی گری۔

انہوں نے 42 گیندوں پر 66 رنز کی باری کھیلی، اننگز کے دوران محمد رضوان نے 1 چھکا اور 9 چوکے لگائے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر رائیلی روسو تھے، جنہوں نے 36 گیندوں پر 75 رنز کی باری کھیلی، اس دوران انہوں نے 2 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔

ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ملر نے 23 اور کیرون پولارڈ نے 15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی طرف سے سلمان ارشاد نے 2 اور سفیان مقیم نے 1 وکٹ حاصل کی جبکہ وہاب ریاض، خرم شہزاد اور جیمز نیشم کوئی وکٹ اپنے نام کرسکے۔

ٹاس کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان میدان میں اترے، اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس بولرز اچھے ہیں، آج کی پچ سے بولرز کو مدد ملے گی۔

ملتان سلطانز کے کتپان نے مزید کہا کہ نئی پچ ہے، فی الحال اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے ہیں۔

ملتان سلطانز کا ایونٹ میں یہ تیسرا میچ ہے، جو پہلے میچ میں لاہور قلندرز سے صرف ایک رنز سے ہار گئی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اس نے فتح اپنے نام کی تھی۔

پشاور زلمی کا بابر اعظم کی قیادت میں ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہے، پہلے مقابلے میں اس نے کراچی کنگز کو زبردست مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید