پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندر کی گونج ہاکی کے میدان میں بھی گونجنے لگی۔
قلندر ہاکی لیگ کے لیے کراچی میں ٹرائلز کا آغاز ہوا تو کے ایچ اے گراؤنڈ پر کھلاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
سیکڑوں کھلاڑی ٹرائلز دینے گراؤنڈ پہنچ گئے، لاہور قلندر کی ٹیم سخت سیکیورٹی حصار میں گراؤنڈ پہنچی اور کرکٹرز نے ہاکی گراؤنڈ کا چکر لگایا۔
ہاکی کھلاڑی موبائل سے ویڈیو بناتے رہے، وہ کرکٹرز کے ساتھ تصاویر کے لیے بے تاب نظر آئے، شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی اسٹیک پکڑی اور ہیٹ لگائی۔
لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا تھا کہ توقعات سے زیادہ نوجوان ٹرائلز کے لیے آئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ٹرائلز کا دورانیہ مزید 2 روز بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قلندر لیگ سے 50 کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ان کو اسکالر شپ دی جائے گی، ان کے کھیل میں نکھار لایا جائے گا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ قومی ہاکی کا سنہری دور واپس لانے کا کام حکومتوں کا ہوتا ہے لیکن عاطف رانا نے نیک کام کے لیے قدم بڑھایا ہے تو سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے ہاکی گراؤنڈ میں لاہور قلندر کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کراچی کے ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد لاہور میں بھی ہاکی ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا پھر قلندر ہاکی لیگ میں کراچی اور لاہور کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔