پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 67 رنز سے شکست دے دی، ایونٹ میں کراچی کنگز کو پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگنز نے شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں کراچی کنگز 67 رنز سے فتح یاب ہوگئی۔
لاہور قلندرز کو پہلی وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا، جب پانچویں اوور کی دوسری گیند پر فخر زمان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد طاہر بیگ کا ساتھ دینے کےلیے شے ہوپ آئے اور صرف ایک رن کے مہمان ٹھہرے۔
اوپنر طاہر بیگ کا ساتھ دینے کےلیے کامران غلام آئے اور دونوں نے 41 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد طاہر بیگ 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کامران غلام دباؤ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے، وہ 22 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
ان کے بعد قلندرز کا کوئی بھی بیٹر کنگز کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 118 رنز پر سمٹ گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
دیگر بولرز میں عامر یامین اور بین کٹنگ نے دو دو جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ویک وکٹ لی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے تھے۔
کراچی کی جانب سے تمام ہی بیٹرز نے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا جہاں جیمز وِنس 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
میتھیو ویڈ نے 36، کپتان عماد وسیم نے 35، بین کٹنگ نے 20، حیدر علی نے 18 اور شعیب ملک نے 10 رنز بنائے۔
لاہور قلندر کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور لیام ڈاسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں پہلی کامیابی جبکہ لاہور قلندرز کی پہلی ناکامی ہے۔
لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، شے ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا بٹ، لیام ڈاسن، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو ویڈ، جیمز وِنس، حیدر علی، شعیب ملک، عرفان خان نیازی، بین کٹنگ،محمد عامر، عمران طاہر، عامر یامین اور عاکف جاوید شامل تھے۔