• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو ہرادیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ 

ہدف کے تعاقب میں رحمان اللّٰہ گرباز پشاور زلمی پر قہر بن کر ٹوٹے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ اسلام آباد کے حق میں کر دیا۔ 

ان کا ساتھ ریسی ونڈر ڈسن نے 42 اور آصف علی نے 29 رنز کے ساتھ دیا۔ 

زلمی کی جانب سے عثمان قادر، ارشد اقبال اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

زلمی کا آغاز شاندار رہا جہاں اس کے اوپنرز محمد حارث اور بابر اعظم نے دھواں دار آغاز فراہم کیا اور پاور پلے کے اختتام پر بغیر کوئی وکٹ گنوائے 69 رنز بنالیے۔

اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر پشاور زلمی کی اسپیڈ کو بریک لگادی۔

زلمی کی ٹیم 12ویں اوور میں 99 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی جس کے بعد یونائیٹڈ نے زلمی کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ 

پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔ 

بابر اعظم نے 75 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد حارث 40 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز ہیں۔ 

داسن شناکا 11 رنز بنا سکے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 3 وکٹیں لیں جبکہ رومان رئیس، شاداب خان، فہیم اشرف اور مبصر خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، دشن شناکا، جمی نیشم، وہاب ریاض، عثمان قادر، ارشد اقبال اور سفیان مقیم شامل تھے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی شاداب خان کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، رحمان اللّٰہ گرباز، ریسی ونڈر ڈسن، اعظم خان، آصف علی، مبصر خان، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی اور رومان رئیس شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید