پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران کھلاڑیوں کی دوستیاں بھی خوب دیکھنے کو مل رہی ہیں جسے شائقین بہت زیادہ پسند کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کی تھی۔
میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان نے 42 گیندوں پر 97 رنز بنائے، اُن کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
شاندار بیٹنگ کے بعد اعظم خان گراؤنڈ میں معروف اسپورٹس پریزنٹر اور میزبان زینب عباس کو انٹرویو دے رہے تھے کہ اس دوران حسن علی بھی وہاں اچانک پہنچ گئے۔
حسن علی گفتگو کے دوران بہت تیزی سے بھاگتے ہوئے زینب عباس اور اعظم کے درمیان سے گزرے۔
اس موقع پر حسن علی نے تیزی سے بھاگتے ہوئے اعظم خان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی اور ان کے گالوں کو نوچا۔
اس دوران زینب عباس گھبرا کر پیچھے بھی ہٹیں اور انہوں نے خود کو بچانے کی کوشش کی۔
حسن علی کی اس حرکت پر زینب عباس نے مسکرا کر اپنا ردعمل بھی دیا۔
اعظم خان نے زینب عباس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سچ کہوں تو مجھے پتا تھا میری فارم اچھی ہے اور میں نے بنگلادیش پریمیر لیگ کی کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کی۔
اعظم نے کہا کہ مجھے اپنی صلاحیت پر یقین ہے کہ میں کسی بھی وقت کھیل کو بدل سکتا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ مشکل نیٹ پریکٹس کروں۔