مردان (نمائندہ جنگ )بلدیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو مبینہ دھمکیاں دینے اور کارسرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں ضلع ناظم حمایت اللہ مایار نے ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت سے قبل ازگرفتاری کی ضمانت حاصل کرلی جبکہ واقعے کے خلاف درجنوں بلدیاتی ملازمین نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا‘یادرہے کہ گذشتہ روز اے ڈی بلدیات فضل اللہ نے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کے خلاف مبینہ دھمکیوں اورکارسرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیاتھا منگل کے روز ضلع ناظم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ابراہیم خان کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کی استدعا کی فاضل عدالت نے 70ہزار کی دونفری ضمانت منطورکرلی دریں اثناء واقعے کے خلاف درجنوں بلدیاتی ملازمین نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بنیرز تھے جن پر ضلع ناظم کی گرفتاری اور انہیں معطل کرنے کے مطالبات درج تھے مقررین نے گذشتہ روز بلدیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ناظم اپنے اختیارات سے تجاوز کررہے ہیں ۔