ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 15ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور نے پشاور زلمی کو جیت کےلیے 242 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، جواب میں پشاور زلمی 9 وکٹوں پر 201 رنز بنا سکی۔
زلمی کے ٹام کوہلر کیڈمور 55 اور صائم ایوب 51 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ راجا پکسے 24، رومین پاول 20 اور جیمز نیشم نے 12 رنز بنائے۔
قلندرز نے ہوم گراؤنڈ پر بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ہی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم پشاور زلمی کو با آسانی زیر کردیا۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، زمان خان نے 2، حارث رؤف اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بالکل درست ثابت ہوا۔
قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے چھکوں کی برسات کرتے ہوئے فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کیلئے رنز کا انبار لگایا تھا، ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں اننگز میں 18 چھکوں کی بدولت 3 وکٹوں پر 242 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور کی تیسری گیند پر اوپنر مرزا بیگ وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 7 گیندوں پر 5 رنز بنائے جس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کےلیے عبداللّٰہ شفیق آئے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 75 رنز بنائے وہ وہاب ریاض گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کے چکر میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے لگائے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے 45 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں ان کے 10 چکھے اور 3 چوکے بھی شامل تھے۔
فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق میں 120 رنز کی شراکت ہوئی۔
پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض نے 2 اور روومین پاول نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ راشد خان کے آنے سے بولنگ مزید بہتر ہو گئی ہے، کوشش کریں گے کہ 160-170 رنز تک جائیں۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا لاہور میں پہلا میچ ہے کوشش کریں گے حریف کو کم اسکور پر روکیں، کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں۔