ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ اٹلی کشتی حادثے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ 26 فروری کو بن غازی لیبیا کے قریب پیش آیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشوں کو پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار افراد غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔
ذرائع نے کہا کہ کشتی میں 20 کے قریب پاکستانی سوار تھے، 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے، 16 کو بچا لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اٹلی میں پاکستانی سفیر علی جاوید نے کہا تھا کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق ابتدائی معلومات غیرمصدقہ تھیں۔
علی جاوید نے بتایا تھا کہ کشتی میں سوار 28 پاکستانیوں کی موت سے متعلق خبر واپس لے لی گئی تھی۔ کشتی میں سوار 16 پاکستانی محفوظ ہیں، جبکہ 4 لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
تاہم اب دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔