اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر اعظم خان نے اپنی فارم کے بارے میں کہا ہے کہ ایسی فارم بہت کم لگتی ہے، میرا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کافی زبردست جارہا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر پر آ کر رنز بنانا مشکل ہوتا ہے، مائنڈ سیٹ کا کردار کافی اہم ہوتا ہے۔
اعظم خان نے کہا کہ ہر ہنر کو پختہ کرنے کے لیے محنت اور پریکٹس بہت ضروری ہے، پریشر میں جتنا خود پر قابو رکھیں گے ٹیم کو اس کا فائدہ ہوگا۔
نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ میچ ونر بننے کے لیے میچ کو آخر تک لے جانا بہت ضروری ہے۔
ایونٹ میں اپنی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ سنچری کا اپنا مزہ ہوتا ہے لیکن جو پرفارمنس ہوئی اس پر بھی شکر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنچری ایک سنگ میل ہے، ابھی بہت میچز ہیں، کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل کر ٹیم کو جتوائیں۔