سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے کوئٹہ کی پولیس کی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔
کوئٹہ کی پولیس ٹیم میں ایس پی ندیم، ڈی ایس پی عبدالستار، سب انسپکٹر اور دیگر 2 اہلکار شامل ہیں۔
کوئٹہ پولیس کی ٹیم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس کوئٹہ پولیس کی معاونت کرے گی۔
عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں درج مقدمے کے ضمن میں جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر تحریکِ انصاف کے ڈنڈا بردار کارکنوں کی آمد شروع ہو گئی۔
عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں مزاحمت کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کی رہائش گاہ کے دونوں راستوں پر کھڑے ہو گئے۔
گزشتہ روز کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عمران خان کےخلاف ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔