مردان (نمائندہ جنگ) مردان تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا ہے سائنس گروپ کامجموعی نتیجہ 89.4جبکہ آرٹس گروپ کا نتیجہ 59.5فیصدرہا۔ بدھ کے روز پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے فنانس آفیسر محمد زاہد خان نے کہاکہ جماعت دہم سائنس گروپ میں کل 36060 طلبہ وطالبات نے حصہ کیا جن میں سے 32238 کامیاب قرار پائے یوں نتیجہ 89.4 فیصد رہا جبکہ آرٹس گروپ میں کل 24246 طلبہ وطالبات نے شرکت کی جن میں سے 14604 نے کامیابی حاصل کی اور یوں نتائج 29.5 فی صد رہے ۔نویں جماعت میں 65678 طلبہ وطالبات نے امتحان دیا جن میں سے 36316 کامیاب قرار پائے اور نتیجہ 55.29 فی صد رہا ۔ نور ایجوکیشن سسٹم خویشگی نوشہرہ کی سارا خضر نے 1041 نمبر حاصل کرکے بورڈ میں پہلی ، دی پائنیر انگلش گرائمر سکول مرغز صوابی کی آفرینش شیراز نے 1039 نمبر حاصل کرکے دوسری اور الخیر ماڈل سکول کاٹلنگ مردان کے یاسین نے 1035 نمبر حاصل کرکے بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ۔ لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں چھائی رہیں اور سائنس کی پہلی دوپوزیشنوں کے علاوہ آرٹس میں بھی لڑکی نے پوزیشن لی ہے ۔