پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے والے ملتان سلطانز کے بیٹر عثمان خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کرکٹ کھیلنے کی وجہ بتا دی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے والے عثمان خان سے ان کے کرکٹر کے سفر سے متعلق سوال کیا گیا۔
عثمان خان نے کہا ہے کہ میں سندھ سے کھیلتا تھا مجھے سیکنڈ الیون میں رکھتے تھے فرسٹ الیون میں نہیں رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں 24 گھنٹوں میں 5 سے 9 گھنٹے گراؤنڈ کو دیتا ہوں، پی ایس ایل 6 میں بھی 81 رنز بنائے اور 5 میچز میں 163 رنز بنائے تھے۔
ملتان سلطانز کے بیٹر کا کہنا ہے کہ جب آپ کو بڑی کرکٹ نہیں ملے گی اور سیکنڈ الیون میں کھیلتے رہیں گے اور مجھے خود پر بھروسہ تھا کہ میں اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے میں بطور لوکل پلیئر کھیلا ہوں، ٹی 10 لیگ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا اور بی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عثمان خان نے یہ بھی کہا کہ جب آپ کو پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے کو نہیں ملے گی تو آپ دوسری جگہ جا کر ہی کھیلیں گے۔