• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیل صدیقی نے بھارتی شہریت سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین شکیل صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایک بار انہیں بھارتی شہریت حاصل کرنے کا موقع ملا تھا تاہم انہوں نے اسے مسترد کر دیا۔

گزشتہ دنوں شکیل صدیقی نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل پر نشر ہونے والے ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان اور ہندوستان میں کئے گئے کام کے حوالے سے گفتگو کی۔

دوران شو میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک بار انہیں ایک بھارتی دوست کی جانب سے ہندوستانی شہریت کی پیشکش کی گئی تھی۔

تاہم انہوں نے اپنے اس دوست کو انکار کردیا اور کہا کہ جو شخص اپنی ماں کی عزت نہیں کرسکتا وہ آپ کی ماں کی بھی عزت نہیں کرے گا اس لیے میں بھارتی شہریت کی پیشکش قبول نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بھارت اور بھارتیوں کی دل سے عزت کرتا ہوں اور چاہتا ہوں دونوں ممالک میں باہمی تعاون پیدا ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی نظر میں کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنا کوئی غلط بات نہیں ہے کیونکہ کئی پاکستانی امریکی شہریت بھی لیتے ہیں، لیکن اگر کوئی پاکستانی بھارتی شہریت حاصل کرتا ہے تو اسے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے آپ عدنان سمیع کی ہی مثال لے لیجئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ملک آنا جانا چاہیئے، ہم آرٹسٹ ہیں اور ایک آرٹسٹ کو آگ کا دریا بننے کی بجائے پُل کاکردار ادا کرنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ شکیل صدیقی نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی بہت کام کیا ہے، انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت کئی دیگر بالی ووڈ کے بڑے اور نامور فنکاروں کے ساتھ پرفارم کر چکے ہیں۔ ان کے لاکھوں مداح سرحد پار بھی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید