امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ 18 اپریل کو ملتوی شدہ 11 نشستوں کے شیڈول کا اعلان کراچی کے عوام کی فتح ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ 18 اپریل کو 27 رمضان اور ورکنگ ڈے ہوگا، عوام کیلئے ووٹ کیلئے پولنگ بوتھ آنا مشکل ہوجائے گا، ضمنی الیکشن 16 اپریل اتوار کو کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو لکھیں گے۔ کارکن انتخابی مہم شروع کردیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کراچی میں احتجاجی دھرنے ختم کردیے گئے ہیں، اگر الیکشن کمیشن خود ملتوی شدہ 11 نشستوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیتا تو ہمیں احتجاج اور دھرنے نہیں دینا پڑتے۔
حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کو خبردار کیا کہ جن حلقوں کے نتائج روکے گئے ہیں ان کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے۔ بیلنس کرنے کے نام پر جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں پیپلز پارٹی کو دینے کا عمل بند کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے ہفتے کو ورکرز کنونشن کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں اور عوام سے کہا کہ وہ ورکز کنونشن میں بھرپور شرکت کریں۔