مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان ڈرامے اور شوبازی کرکے بھاگنا چاہ رہے ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ رعایتیں دینے کی وجہ سے آج رعایتیں دینے والوں کا مذاق بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب غیر مستحق افراد کو اس طرح ضمانتیں دیں گے تو پھر یہی کچھ ہوگا جو آج ہوا، اس طرح نہ عدالت چلے گی، نہ نظام چلے گا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان قانون سے بچنے کے لئے بہانے کررہے ہیں، انصاف کی فراہمی سب کے لئے یکساں ہونی چاہیے۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بازاروں میں پی ٹی آئی کارکن زبردستی دکانیں بند کروا رہے ہیں، لوگوں کے لئے عدالت صبح 8 بجے کھلتی ہے اور تم شام کو جاتے ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آج عدالت جانے کے لئے اپنی بلٹ پروف گاڑی سے باہر نہیں نکلے، ڈرامے بازی اور شو بازی کرکے تم بھاگنا چاہ رہے ہو۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عام آدمی پولیس افسر کی وردی کو ہاتھ لگالے تو وہ اندر سے باہر نہیں آتا، یہ سیاسی پپو پیٹرول بم پھینکے تو ہم کہیں کوئی بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اب ایکسپوز ہورہے ہیں، عمران خان ایک بزدل شخص ہے، یہاں 6، 6 ماہ حفاظتی ضمانتیں چل رہی ہیں، جب غیر مستحق افراد کو اس طرح ضمانتیں دیں گے تو پھر یہی کچھ ہوگا جو آج ہوا۔