وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہونے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار کی بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار خدمات پر تعریف کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر طرز کے کرکٹ میچز میں علیم ڈار کی خامیوں سے پاک امپائرنگ کی وجہ سے کرکٹ کی پوری دنیا میں ان کی تعریف کی جاتی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو علیم ڈار پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ 16 مارچ کو پاکستانی امپائر علیم ڈار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہوگئے تھے۔
علیم ڈار نے ریکارڈ 435 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
پاکستان کے امپائر احسن رضا، علیم ڈار کی جگہ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہوگئے ہیں۔
احسن رضا کو سال 24-2023 کےلیے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے۔