• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے مناظر—جنگ فوٹوز
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے مناظر—جنگ فوٹوز

کراچی میں سیاہ بادل چھا گئے، بحیرۂ عرب سے بارش برسانے والے بادلوں کی آمد کے ساتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں آندھی و تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں شدید، کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی جاری ہے۔

کراچی کے علاقوں نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، واٹر پمپ، عائشہ منزل، لانڈھی، کورنگی، لیاری، شارعِ فیصل، ملیر ہالٹ، ایئر پورٹ سمیت شہر بھر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ابرِ رحمت تیز تو کہیں آہستہ برسے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوتے ہی سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہو گئے۔

شہر کے کئی علاقوں میں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی غائب ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد میں گرج چمک کے ساتھ کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

بارش برسانے والا سسٹم کل تک کراچی پر اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بارش برسانے والے بادل بلوچستان کے ساحل سے کراچی کی جانب آئے ہیں جو کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بارش کا سبب بنیں گے۔

بلوچستان میں طوفانی بارش، ژالہ باری

ادھر تربت، کیچ، مند، آواران، گوادر سمیت ساحلی بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

آوران میں ژالہ باری سے کئی افراد زخمی ہو گئے، اولے پڑنے سے باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔

بارکھان، رکھنی اور چھپر میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی۔

توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے نے بلوچستان بھر میں طاقت ور سسٹم کے داخل ہونے کا الرٹ جاری کر دیا۔

پنجاب، KPK، کشمیر، GB میں بھی بارش متوقع

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید