• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: جوہرآباد میں 2 منزلہ گھر میں دھماکا، 1 شخص زخمی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے جوہر آباد میں 2 منزلہ گھر میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 1 شخص زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا پتہ نہیں لگ سکا ہے، دھماکے کے نتیجے میں گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کا ملبہ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا ہے جو مالک مکان ہے، زخمی کو ملبے تلے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد گھر میں آگ بھی لگ گئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی وجہ سے گھر کا گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل تباہ ہو گئی، زخمی ہونے والا مالک مکان گراؤنڈ فلور پر رہتا تھا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پہلی منزل پر رہائش پزیر افراد کو سیڑھی کی مدد سے باہر نکالا گیا، دھماکے کی وجہ سے آس پاس کے گھروں کی کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کیا کہا؟

دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا جس نے دھماکے سے تباہ ہونے والی عمارت کا جائزہ لیا۔

انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ دھماکا گھر میں گیس بھرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج کا مزید کہنا ہے کہ گھر کے عقب میں گلی میں گیس پائپ کھلے ہوئے ہیں۔

انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی ہو رہی ہے۔

عمارت کلیئر قرار دیدی گئی

دھماکے کے بعد عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے عمارت کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں گیس کھینچنے کے لیے مشین لگائی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید