• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکاوٹیں کھڑی کرنا گھبراہٹ نہیں تو کیا ہے؟ شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، پوچھتا ہوں یہ گھبراہٹ نہیں تو کیا ہے؟

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجازت کے باوجود مینار پاکستان جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے انسانی حقوق پامال کیے، ان کے قول و فعل میں تصاد ہے، جمہوریت کا لفظ پی ڈی ایم پر نہیں جچتا۔ 

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کس طرح خود کو یہ جمہوری کہتے ہیں، پوچھنا تھا کہ کیا ن لیگ کے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو دھمکیاں دی ہیں، تحریک انصاف کے جھنڈے والی گاڑی کو لاہور کی طرف آنے کی اجازت نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رکاوٹوں کےباوجود لوگ آئیں گے، کارکنوں کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا، پر امن جلسہ ہمارا آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جو کچھ ہورہا ہے سب کے سامنے ہے، اجازت کے باوجود رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، ہم نے آئین کا دفاع کرنا ہے اور عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جلسے کی جب اجازت دی ہے تو کنٹینر کیوں ہیں، ضلعی انتظامیہ بے بس اور لاچار دکھائی دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے اجازت دے دی تو کنٹینرز کا کوئی جواز نہیں، پولیس اور انتظامیہ سے گزارش ہے کنٹینرز ہٹادیے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رکاوٹیں دلیل ہیں تحریک انصاف پاور شو میں کامیاب ہو رہی ہے، گاڑی نہ آنے دیں تو پیدل آئیں، عمران خان کا آج کا پیغام بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات میں تاخیر پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی ہے، چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ پنجاب میں تاخیر کی پٹیشن کازلسٹ پر لائیں اور سنیں۔

قومی خبریں سے مزید