وفاقی وزیر برائے سماجی بہبود، انسداد غربت اور بنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو ادائیگیوں میں مسائل کا احساس ہے جو کہ ماضی میں بینکوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی وجہ سے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے پیمنٹ ماڈل پر کام ہو رہا ہے، اس حوالے سے کچھ آزمائشی چیزیں کی جارہی ہیں تاکہ اسکے ذریعے نئے ماڈل کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نئے طریقہ کار میں خواتین کو لائنوں میں لگ کر اور ایجنٹس کی جانب سے فائدہ اٹھانے کی روک تھام کر رہے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اب ہر خاتون اپنا بینک اکاؤنٹ کھول پائے گی، جس سے معاشی خودمختاری حاصل ہو گی۔ وہ بہتر انداز میں اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔ اس سے نہ صرف انہیں عزت و قار کے ساتھ رقم ملے گی بلکہ وہ معاشی خود مختاری اور دیگر چیزیں بھی سیکھ سکیں گی۔