• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاد رہے شہباز حکومت از خود نوٹس ہی کی بدولت قائم ہوئی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یاد رہے شہباز حکومت ازخود نوٹس ہی کی بدولت قائم ہوئی ہے۔

ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف 1997 سے باہر نکلیں اور حقائق کا بہتر ادراک کرکے لب کشائی کریں، میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم سزا یافتہ مفرور کو سپریم کورٹ کو ڈکٹیشن دینے کی اجازت نہیں دے گی، نواز شریف کو یاد ہونا چاہیے شہبازحکومت ازخود نوٹس ہی کی بدولت قائم ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پاناما کا انکشاف فوج اور سپریم کورٹ نے نہیں عالمی صحافتی کنسورشیم نے کیا، نواز شریف اکیلے نہیں دنیا بھر میں اپنی قوموں کو لوٹنے والوں کو سزائیں ملیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو عدالت نے صفائی کا پورا موقع دیا لیکن انہوں نے دستاویز پیش کرنے کی بجائے جھوٹے قطری خطوط کا سہارا لیا۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اب آئین و قانون کے تحت چلنا ہے، عدلیہ کے خلاف شرمناک مہم کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرکے قانون کا سامنا کریں، انتخاب آئینی تقاضا ہے، التواء کی کوئی کوشش قوم قبول نہیں کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید