ڈیرہ غازی خان، دراہمہ (نمائندہ جنگ، نامہ نگار) قتل ، ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہار ملزم غلام حسین زنگلانی پولیس مقابلہ میں ہلاک ، ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، مقابلہ تھانہ دراہمہ کے علاقہ غازی گھاٹ کے نزدیک سپر آر ٹو سے ملحقہ علاقہ میں ہوا ، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ خطرناک اشتہار ملزم غلام حسین زنگلانی ساتھیوں سمیت علاقہ میں موجود ہے جس پر تھانہ دراہمہ ، تھانہ صدر اور سی آئی اے سٹاف پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جہاں اچانک سامنے آنے پر غلام حسین زنگلانی نے پولیس پر فائرکھول دیا تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہلاک ہو گیا ،دراہمہ پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، واضح رہے کہ غلام حسین زنگلانی نے ملتان سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی سیکرٹری قومی اسمبلی معظم کارلو کے اغوا سمیت قتل ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور پنجاب حکومت کی طرف سے ملزم کے سر کی قیمت 25لاکھ روپے مقرر تھی اور یہ خواتین کی خریدو فروخت جیسے گھناؤنے دھندے میں بھی ملوث تھا ، رکن صوبائی اسمبلی سردار جمال خان لغاری نے اسمبلی میں آواز اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اس گروہ کے خلاف رینجرز کے ذریعے آپریشن کروایا جائے ۔