• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج دھرنا کی تیاریاں مکمل، تاجر دکانیں کھلی رکھیں، تحفظ دینگے ، طاہر القادری

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی  تحریک کے مال روڈ پر  آج   دھرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔ سربراہ عوامی تحریک طاہر القادری کے لئے کنٹینر بھی تیار کرلیا گیا  ہے ۔ ادھر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹیلیفون پر  طاہرالقادری سے رابطہ کیا اور دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے مال روڈ،ہال روڈ،انارکلی اور بیڈن روڈ کے تاجروں کے نام اپنے      ویڈیو  پیغام میں کہا ہے کہ تاجر بے دھڑک اپنی دکانیں کھلی رکھیں ،ہر دکان کی حفاظت کی میں ذمہ داری لیتاہوں اگر کوئی نقصان ہوا تو ہماری تحریک اسکی ذمہ دار ہو گی ۔ ہمارے کارکن آپکی دکانوں کی حفاظت کریں گے اور دھرنے میں شرکت کرنیوالے ہمارے ہزاروں کارکنان آپکی دکانوں سے شا پنگ کریں گے اور آپکی سیل میں اضافہ ہو گا ۔تاجر کسی بات سے پریشان نہ ہوںیہ پر امن احتجاج ہے کسی قسم کے نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں ہے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کارکن آج یوم شہداء کی تقریب میں شرکت کیلئے مال روڈ لاہور پہنچیں ،آج شہداء کو انصاف دلوانے کیلئے اہم اعلان ہو گا۔ ہم اپنے شہیدوں کو بھولے اور نہ ہی قاتلوں کو معاف کریں گے۔ ۔سراج الحق نے سربراہ عوامی تحریک کو یقین دلایا کہ ظلم کے نظام کے خاتمے اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے جب تک ظلم اور کرپشن ہے پاکستان کی تشکیل کے مقاصد پورے نہیں ہونگے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما چودھری سرور نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نوازگنڈاپور، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ و دیگر رہنما شریک تھے۔چودھری سرور نے بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے عوامی تحریک کے دھرنے اور ڈاکٹر طاہر القادری کے موقف کی مکمل حمایت کی ۔ ق لیگ کے رہنما میاں عمران مسعود نے بھی سربراہ عوامی تحریک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور یوم شہداء کی تقریب میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے کہا کہ پہلی بار مال روڈ پر احتجاج کے ساتھ ساتھ نمازیں بھی ادا ہونگی، تراویح بھی ادا ہو گی اور درود و سلام کی صدائیں بھی سربلند ہونگی ۔
تازہ ترین