• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مسلسل شکست کے بعد کیا کرنے جارہی ہے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چیئرمین ندیم عمر نے کہا ہے کہ مسلسل شکست کی ایک نہیں کئی وجوہات ہیں جس پر غور کیا جارہا ہے ایک دم سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، بیٹھ کر سوچ و بچار کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ مسلسل شکست کا ذمے دار صرف کپتان سرفراز احمد اور کوچ معین خان کو قرار دینا درست نہیں، ماضی میں ان ہی دونوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کئی کامیابیاں دلائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دم سے اپنے ہیروز کو بھولنا نہیں چاہیے، کپتان سرفراز احمد بھی نہیں چاہیں گے کہ وہ اس موقع پر ہمیں چھوڑ کر جائیں۔

ندیم عمر نے بھی شکست کی بڑی وجہ سری لنکن اسپنر ہسارنگا کی عدم موجودگی کو قرار دیا اور کہا کہ اگر لاہور قلندرز کے راشد خان نہیں آتے تو شاید انہیں بھی بہت فرق پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ غلطیاں ہوئیں وائلڈ کارڈ پر صائم ایوب کو لینے کا موقع تھا لیکن نسیم شاہ کی وجہ سے وہ ضائع ہوگیا۔

ندیم عمر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ریلیز کردیتے ہیں تاکہ ان کی فارم واپس آجائے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان اگرچہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم میں شامل نہیں لیکن ہماری فیملی کا حصہ ہے، ان کا نام عمر ایسوسی ایٹ کے ساتھ جڑا رہے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید