کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف عید سے پہلے وطن واپس آجائیں گے،نواز شریف نے موجودہ دورِ حکومت کے احتساب کیلئے خود کو پیش کیا ہے، اپوزیشن وزیراعظم کے تینوں ادوار کا احتساب چاہتی ہے تو اس کیلئے بھی تیار ہیں، اپوزیشن کے ٹی او آرز میں سے انتقام کی خوشبو آرہی ہے، یہ ٹی او آرز سیاسی شکست خوردہ دو ایسے افراد نے بنائے ہیں جو ہم سے انتقام لینا چاہتے ہیں، طاہر القادری لوگوں کو نئے سبز باغ دکھا کر واپس روانہ ہوجائیں گے،عمران خان ایسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش نہیں کریں گے جس سے نظام کوز د پہنچے، عمران خان کا احتجاج حکومت گرانے کیلئے نہیں اپنے مطالبات کی طرف توجہ دلانے کیلئے ہوگا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کے ہمراہ میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔نعیم الحق نے کہا کہ اسمبلی اور سڑکوں پر کشیدگی قوم کیلئے فائدہ مند نہیں ہے، ٹی او آرز پر اتفاق نہیں ہوا تو سڑکوں پر آسکتے ہیں،نئے انتخابات یا نظام کو اکھاڑنے کی بات کوئی نہیں کررہے ،ٹی او آرز پر حکومت کی طرف سے مزاحمت کی جارہی ہے، پرویز رشید کی بات سن کرافسوس ہوا کہ نواز شریف کے صرف موجودہ دورِ حکومت کی تحقیقات ہونی چاہئے، اتنے شواہد اور دستاویزات موجود ہیں کہ وزیراعظم کا بچنا مشکل ہوگا۔پرویز رشید نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی احترام اور محبت کے رشتے میں خورشید شاہ کے گھٹنے کو ہاتھ لگایا، مشرقی روایات میں شامل ہے کہ بڑوں کے گھٹنوں کو چھو کر یا ادب سے جھک کر انہیں سلام کیا جاتا ہے، شہر کے لوگ ان روایات سے آشنا نہیں رہے اس لئے وہ ان کو عجیب نظروں سے دیکھتے ہیں اور معنی بھی نکالنے کی کوشش کرتے ہیں،بلاول بھٹو ابھی ناسمجھ ہے، لگتا ہے خورشید شاہ کو ملنے والی عزت پر بلاول خوش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری دھرنے کے نام پر اپنے عقیدت مندوں کو اکٹھا کرلیتے ہیں، دوسرے دھرنے میں طاہر القادری کے عقیدت مندوں کی تعداد کم شریک ہوئی اس لئے کرائے پر لوگ لانے پڑے تھے، طاہر القادری کا کل کا دھرنا لامحدود مدت کیلئے نہیں ہے، وہ صرف ایک دن آئیں گے اور لوگوں کو نئے سبز باغ دکھا کر روانہ ہوجائیں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان ایسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش نہیں کریں گے جس سے نظام کوز د پہنچے، عمران خان اپنے مطالبات کی طرف توجہ دلانے کیلئے احتجاج کریں گے ، عمران خان حکومت کو گرانے کیلئے احتجاج یا دھرنا نہیں دیں گے، 2017ء میں عمران خان کے پاس انتخابی مہم چلانے کا موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز میں وزیراعظم نواز شریف کا نام کہیں نہیں ہے، اپوزیشن اگر پاناما پیپرز کی تحقیقات چاہتی ہے تو ٹی او آرز میں نواز شریف کو جواب دینے کیلئے کیوں کہا جاتا ہے، اپوزیشن پاناما پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم کا نام غلط لیتی ہے، وزیراعظم پر کوئی الزام نہیں لگا لیکن اپوزیشن انہیں ملزم بنا کر پیش کررہی ہے، پاناما پیپرز میں وزیراعظم کے بیٹوں کا نام ضرور ہے لیکن ان پر الزام نہیں ہے۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پہلے دو ادوار کا احتساب پرویز مشرف اور بینظیر بھٹو کرچکے ہیں لیکن ایک پیسے کی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی، نواز شریف نے موجودہ دورِ حکومت کے احتساب کیلئے خود کو پیش کیا ہے، اپوزیشن اگر وزیراعظم کے تینوں ادوار کا احتساب چاہتی ہے تو اس کیلئے بھی تیار ہیں۔