• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

٭مرادِ رسول ؐسیدنا فاروقِ اعظمؓ نے فرمایا:حضرت علی ؓ کو تین خوبیاں ایسی نصیب ہوئیں ،اگر مجھے اُن میں سے ایک بھی مل جاتی تو میرے لیے دنیا ومافیہا سے بہتر ہوتیں۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی لختِ جگر سیدہ فاطمہؓ کا ان سے نکاح فرمایا۔ نبی کریم ﷺ نے انہیں مسجد میں سکونت عطا کی ۔خیبر میں علم(جھنڈا) انہیں عطا کیا۔٭سیدہ عائشہؓ نے فرمایا: حضرت علیؓ سے زیادہ علمِ دین کا جاننے والا کوئی نہ تھا۔٭ابنِ مسعود ؓنے فرمایا:ہم لوگ آپس میں کہا کرتے تھے کہ حضرت علی ؓ اہلِ مدینہ میں سب سے زیادہ معاملہ فہم ہیں۔٭ابن ِعباس ؓنے فرمایا:مدینۂ منورہ میں فصلِ قضایا اور علمِ فرائض میں حضرت علی ؓ سے زیادہ علم رکھنے والا کوئی نہ تھا۔

یاد رکھنے والی پانچ باتیں

سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ نے فرمایا:ہماری پانچ باتیں یاد رکھو۔(۱)کوئی شخص گناہ کے سوا کسی چیز سے خوف زدہ نہ ہو۔(۲)صرف اللہ ہی سے امیدیں وابستہ کرو۔(۳کسی چیز کے سیکھنے میں شرم نہ کرو۔(۴)عالم کو کسی سوال کے جواب میں یہ کہنے میں عار محسوس نہیں کرنی چاہیے کہ میں اس مسئلے سے واقف نہیں۔(۵ ) صبر اور ایما ن کی مثال سر اور جسم کی ہے ،جب صبر جاتا ہے تو ایمان ( بھی )رخصت ہوجاتا ہے، گویا جب سر اڑ گیا تو جسم کی طاقت بالکل ختم ہوجاتی ہے۔(سننِ ابنِ منصور)