پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوب رو اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور اس شخص سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی مختلف قیاس آرائیوں پر وضاحت پیش کردی۔
حال ہی میں اداکارہ عائشہ عمر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 8 سال تک ایک ایسے شخص کے ساتھ رشتے میں تھیں جو انہیں دن رات گالیاں دیتا تھا، تاہم جب بات تشدد پر پہنچی تو انہوں نے اس شخص سے علیحدگی اختیار کرلی۔
اداکارہ کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لے لیا، بیشتر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص میڈم نور جہاں کا پوتا سکندر رضوی ہے، ایک وقت ایسا تھا جب جس کے ساتھ عائشہ عمر کا نام جوڑا جاتا تھا۔
تاہم اب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ عائشہ عمر نے بدسلوکی کرنے والے شخص کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی تمام خبروں کی تردید کر دی۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے پوڈکاسٹ میں جس گالم گلوچ کرنے والے شخص کا ذکر کیا وہ شخص سکندر رضوی نہیں ہے، بلکہ ایک خاندانی دوست کا بیٹا ہے جس کا میڈیا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے گزارش کی کہ اس معاملے میں سکندر رضوی اور ان کے خاندان کو شامل نہ کیا جائے۔