پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوب رو اور معروف اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ تقریباً 8 برس ایک ایسے شخص کے ساتھ رشتے میں تھیں جو دن رات ہراساں کرتا تھا۔
عائشہ عمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی ایک ایسے انسان کے ساتھ بات پکی ہونے والی تھی جسے دن رات گالیاں دینے کی عادت تھی، وہ کہتا تھا کہ میں پیار میں بھی گالیاں دیتا ہوں۔
انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر بتایا ان کے اور اس شخص کے اہل خانہ کے درمیان آج بھی اچھے تعلقات ہیں تاہم انہوں نے اس رشتے کو اس وقت ختم کرنا ٹھیک سمجھا جب بات گالم گلوچ سے بڑھ کر جسمانی تشدد تک پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً 8 برس تک اس گمان میں تھیں کہ وہ اپنے پیار سے اُس شخص کو راہ راست پر لے آئیں گی، اس کی عادات بدل دیں گی اور وہ ٹھیک ہوجائے گا لیکن انہیں اپنی غلطی کا اس وقت احساس ہوا جب بات گالم گلوچ سے آگے بڑھ کے جسمانی تشدد پر آگئی۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ اس وقت احساس ہوا کہ یہ ٹھیک نہیں ہوسکتا اس لئے اس رشتے کو ختم کرنا ہی بہتر ہے، ان کے مطابق انہیں اس صدمے سے نکلنے میں بہت وقت لگا انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس شخص کی وجہ سے برباد کردیئے، لیکن یہ ہی درست فیصلہ تھا۔
عائشہ عمر نے انسان کی ذہنی صحت کے حوالےسے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ وہ شخص اپنے مسائل کا حل تلاش کر لے، کیونکہ کسی بھی انسان کے پاگل پن اور جنونی رویے کے پیچھے کوئی نہ کوئی ذہنی صدمہ ہوتا ہے جس کا اسے اپنے بچپن میں سامنا رہا ہوتا ہے۔ پھر وہ اس صدمے کو غصے یا تشدد کی شکل میں نکالتا ہے۔