بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک سیاسی جماعت کی خاتون رکن کی جانب سے اپنے لیڈر کا پوسٹر پھاڑنے پر کتے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شکایت سیاسی جماعت تلگو دیشم کی ایک حامی رکن خاتون، اساری ادے سری کی جانب سے وجئے واڑہ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ہے۔
شکایت کنندہ خاتون کا پولیس اسٹیشن میں کتے کی شکایت درج کرواتے ہوئے اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ کتے نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کا پوسٹر پھاڑا ہے جو کہ اُن کی توہین کے زمرے میں آتا ہے۔
سیاسی رکن ادے سری کا اپنی شکایت میں کہنا ہے کہ یہ وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کی توہین ہے، کتے کو اس عمل پر بھڑکانے اور اس کی ویڈیو بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں کتے کو اپنے منہ اور ٹانگ سے دیوار سے پوسٹر اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔