سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر صدر بھکر پولیس کے حوالے کر دیا۔
بھکر پولیس علی امین گنڈا پور کو عدالت سے لے کر روانہ ہو گئی۔
عدالت نے بھکر پولیس کو 3 روز میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
حکم نامے کے مطابق علی امین گنڈا پور پر تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پہلا مقدمہ درج ہے، بھکر پولیس کی استدعا پر علی امین کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔
عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ بھکر میں دوسرے درج مقدمے میں علی امین کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ بھکر میں ہی درج تیسرے مقدمے میں علی امین گنڈا پور کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے ذریعے عدالت نے ہدایت کی تھی کہ علی امین گنڈا پور کو 15 اپریل کو متعلقہ اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔