سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن آٹھویں روز بھی جاری ہے جس میں متعدد ڈاکو ہلاک اور گرفتار کیے گئے ہیں، ڈاکوؤں کے 8 سہولت کار بھی گرفتار ہوئے ہیں۔
پولیس نے ڈاکوؤں اور عسکریت پسندوں کے 4 ٹھکانے جلا دیے، لٹھانی گینگ کے ٹھکانے تباہ کر کے قبضے میں لے لیے۔
ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو آگ لگا دی گئی ہے اور متعدد سہولت کاروں کو حراست لیا گیا ہے، انڈس ہائی وے اور دیگر سڑکوں پر پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
عرفان سموں کا کہنا ہے کہ مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او مہر ناصر سیال نے کہا ہے کہ کچا چراغ شاہ میں جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے پیش قدمی جاری ہے جہاں پر ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جار ی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں 1 اور ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ اب تک آپریشن میں 4 ڈاکو مار جا چکے ہیں اور 8 سہولت کار گرفتار کیے گئےہیں۔