• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں بھی کرکٹ کا کھیل تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ اس سال جولائی میں امریکا میں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ ہورہی ہے جس میں دنیا بھر کے اسٹار حصہ لیں گے۔ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کریں گے۔

ایسے میں کراچی میں بھی امریکی قونصلیٹ میں کرکٹ کی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر ہورہی ہیں۔

کراچی میں رمضان کے باوجود امریکی قونصلیٹ میں کرکٹ کا میلہ سج گیا جس میں کرکٹرز، صحافیوں اور کوچز  کے علاوہ قونصلیٹ کے امریکی ملازمین نے شرکت کی، حیران کن طور پر امریکی اس کھیل میں گہری دلچسپی لے رہے تھے۔

منگل کی شام قونصلیٹ میں امریکی قونصلیٹ کراچی میں لنکن کارنر کراچی اور لنکن کارنر پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے اشتراک سے طلبہ و طالبات کو کرکٹ کی تربیت دینے کےلیے منعقدہ کیمپ کا اختتامی جشن منایا گیا۔

دو ہفتے جاری رہنے والے تربیتی کیمپ کا اختتام قونصلیٹ میں لنکن کارنرز کی دو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ سے ہوا۔

اس کیمپ میں صحتمند زندگی گزارنے کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے گلی کوچوں میں کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کو پروفیشنل کھیلوں کے قوائد و ضوابط سے متعلق تربیت دی گئی جبکہ نوجوان خواتین کو مرد کھلاڑیوں کیساتھ کھیلوں میں حصہ لے کر رمضان کرکٹ کی روایت سے لطف اندوز ہونے کا منفرد موقعہ فراہم کیا گیا۔

قائم مقام قونصل جنرل لیئم اوفلینیگن اور قائم مقام نائب قونصل جنرل ایلزبتھ سنڈے نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت اور پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ایمن انور کے ہمراہ کرکٹ میچ دیکھا۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لیئم اوفلینیگن کا کہنا تھا کہ "رمضان کرکٹ میچوں کی نہایت ہی دلچسپ روایت ہے، میں آج ان مقابلوں سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔ ہماری خواہش تھی کہ کرکٹ کے یہ مقابلے سحری تک منعقد کروائے جائیں مگر ایسا نہ ہوسکا، ممکن ہے آئندہ برس یہ ہو پائے۔"

لنکن کارنرز امریکی سفارتخانہ اوردیگر پاکستانی اداروں کے درمیان شراکت داری سے چل رہے ہیں۔ مختلف جامعات، عوامی کتب خانوں اور کلچرل سینٹرز میں قائم لنکن کارنرز بنیادی طور پر ملٹی میڈیا ریسورس کے مراکز ہیں، جہاں آنیوالے افراد نہ صرف انگریزی زباں سے آشنا ہوتے ہیں، بلکہ مختلف وسائل بروئے کارلاتے ہوئے امریکا کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ دوسرا رمضان کرکٹ کیمپ ہے، جس کےلیے لیاقت میموریل لائبریری میں واقع لنکن کارنر کراچی اور لنکن کارنر پی اے سی سی (PACC) کیجانب سے تعاون کیا گیا۔

افطار ڈنر سے قبل کرکٹ کے نامور مبصر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت اور کرکٹر ایمن انور نے دونوں ٹیموں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور کھلاڑیوں کو ٹپس دیں۔

بعدازاں انہوں نے قائم مقام نائب قونصل جنرل ایلزبتھ سنڈے، شعبہ عوامی سفارتکاری کے عملدار لی مک مینس اور امریکی قونصلیٹ کے دیگر حکام کیساتھ افطار ڈنر بھی کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید