پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے عمران خان کے بیان کی تردید کے بعد (ن) لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا ردعمل سامنے آگیا۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلا سربراہ جس کے بیان کی تردید اُس کی اپنی جماعت کا آفیشل اکاؤنٹ کر رہا ہے کہ ’ جو عمران نے کہا وہ عمران نے نہیں کہا‘۔
ن لیگی رہنما نے انصافی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ذہنوں کے ساتھ اور نہ کھیلو قوم کے منہ پر جھوٹ نہ بولو، اسی لئے فراڈیے کو کالا کنستر منہ پر چڑھانا پڑتا ہے۔ مجرم ہو مجرم ہی رہو گے۔
تم نے سماج، اخلاق، سیاست، معیشت تہس نہس کی، ذہنوں میں زہر گھولا، تم نے دلوں میں نفرت بھری، سیاست کو گندا، ملک کو مفلوج کیا۔
انہوں نے سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ بے شرم تم نے باجوہ کے کہنے پر اسمبلیاں کیوں توڑیں؟
ان کا کہنا ہے کہ اقتدارکے لیے پنجاب اور پختونخوا کے عوام کی توہین کی، نمائندوں کی تضحیک کی، منتخب اسمبلیاں توڑیں۔ تم عدلیہ کو گالی دو، تم دھمکی سے ضمانت کا ریلیف پیکج لو۔ اب ساس کے خوف، بچوں، بیگمات کے مشورے سے تمہارے حق میں فیصلہ نہیں ہونے دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئین سے کھلواڑ کرنے والوں کو قوم بخشے گی اور نہ ہم چھوڑیں گے، اب الیکشن باجوہ اور ساس کے کہنے پر نہیں اپنے وقت پر ہوگا۔