اسلام آباد( طاہر خلیل) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ملاقات میں ایک مرتبہ پھر احتراماً ان کے گھٹنے چھو لئے، سید خورشید شاہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے مو جو د میڈیانمائندوں سےکہا کہ اسے منفی رنگ نہ دیا جائے ۔جمعہ کو وزیر اطلاعات پرویز رشید اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ سے ملاقات کیلئے اپنے چیمبر سے نکلے تو انہوں نے لابی میں کھڑے اخبار نویسوں سے سید خورشید شاہ بارے پوچھا جس پر صحافیوں نے بتایا کہ وہ اپنے چیمبر میں موجود ہیں، وزیر اطلاعات نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آ جائیں آپ کی ایک اور اچھی تصویر بن جائے گی. وزیر اطلاعات جب اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پہنچتے تو انہوں نے ایک بار پھر احتراماً اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے گھٹنے چھو لئے، وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ میں میڈیا کے سامنے آج دوبارہ شاہ صاحب سے ملنے آیا ہوں، خورشید شاہ صاحب سے احتراماً جھک کر ملتا ہوں، میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ بزدل نہیں ہوں جیسا بھی ہوں سب کے سامنے ہوں۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سینیٹر پرویزرشید جب بھی ملتے ہیں تو احترام سے ملتے ہیں، جو ہماری اسلامی روایات میں شامل ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میڈیا سے درخواست ہے کہ اسے منفی تاثر نہ دیا جائےبعد میں دونوں رہنمائوں نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری اور پانامہ لیکس تحقیقات کے لئے ٹی او آرز کی تیاری، پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈ لاک سمیت دیگر معاملوں پر تبادلہ خیال کیا۔