پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن شہباز سینئر نے کہا ہے کہ بھارت جانے کا چانس ملے تو ضرور جانا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی میں پاکستان کی کوئی صورتحال نہیں بدلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں آخری مرتبہ مقابلہ کرتے ہوئے دیکھا، کھلاڑی ابھی بھی سست رفتاری سے کھیلتے ہیں، تیزی سے آگے نہیں بڑھتے۔
شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ آسٹرو ٹرف پر کھیلنے کی تکنیک بدل چکی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم اور پاکستان ہاکی کی بہتری میں ابھی ٹائم لگے گا۔
انہوں نے یہ بھی رائے دی کہ بھارت جا کر چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا فائدہ ہوگا، بھارت جانے کا چانس ملے تو ضرور جانا چاہیے، رینکنگ پوائنٹس ملیں گے۔
شہباز سینئر نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچز سنسنی خیز ہوتے ہیں، کھلاڑیوں کو اعتماد اور ایکسپوژر ملے گا جس سے بہت فائدہ ہوگا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ٹیم بھارت بھیجنے کے لیے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔
سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کے مطابق قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کے حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو این او سی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔