• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان نے کس سادہ سی عادت کیساتھ 5 ماہ میں 25 کلو وزن کم کیا؟

فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا 

بالی ووڈ کے معروف اداکار، ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ 

2016ء میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ کے لیے عامر خان نے پہلے تقریباً 25 کلو وزن بڑھایا اور بعد ازاں محض 5 ماہ کے اندر بڑھا ہوا وزن کم کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔

60 سالہ عامر خان نے اپنے وزن سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزن بڑھانے کا سفر کافی مزے دار تھا کیوں کہ میں جو چاہتا تھا کھا سکتا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سفر بہت تکلیف دہ ہوتا چلا گیا، میرے جسم کی حرکات و سکنات، سانس لینے کا انداز، حتیٰ کہ بیٹھنے اور چلنے کا انداز بھی بدل گیا تھا۔

اداکار کے مطابق وہ خود کو ہر وقت تھکا ہوا محسوس کرنے لگے تھے، ان میں طاقت ختم ہو گئی تھی اور بس وزن میں اضافے کے سبب روز مرہ کی روٹین میں مشکلات آنے لگی تھیں۔

97 کلو سے 72 کلو تک کا سفر

عامر خان کے مطابق فلم ’دنگل‘ میں پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کا کردار ادا کرنے کے لیے عامر خان نے اپنا وزن 97 کلو تک بڑھایا تھا جس میں ان کا باڈی فیٹ 38 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔

بعد ازاں وہ محض 5 ماہ میں تقریباً 25 کلو وزن کم کر کے باڈی فیٹ کو 9.6 فیصد تک لے آئے تھے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی صرف ورزش یا جم جانے سے ممکن نہیں ہو سکی تھی بلکہ سخت ڈسپلن، مثبت سوچ اور بھرپور محنت کا نتیجہ تھی۔

وزن کم کرنے میں ڈائٹ سب سے اہم ہے، عامر خان

اپنے وزن میں نمایاں کمی کے لیے عامر خان نے سخت ڈائٹ پلان فالو کیا، ان کا ماننا تھا کہ ڈائٹ سب سے اہم ہے، روز مرہ کی سادہ اور طے شدہ کیلوریز پر مبنی غذاء ہی وزن میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ اگر انسان کی غذاء درست نہیں تو وہ چاہے جتنی مرضی ورزش کر لے یا بھاگ دوڑ لے نتیجہ نہیں ملے گا۔

دوسری جانب عامر خان کے ٹرینرز کا کہنا ہے کہ اکثر اوقات وہ تھکن یا مایوسی کی وجہ سے ورزش روکنے کی بات کرتے تھے لیکن ہم نے ورزش کی شدت کم نہیں کی، یہی مسلسل دباؤ اور حوصلہ افزائی تھی جس نے عامر خان کو کامیابی دلوائی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید