چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے دیا، ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اپنی مزاحیہ گائیکی اور وائرل گانوں کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے چاہت فتح علی خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار انہوں نے اپنے ایک بیان سے مداحوں کو حیران اور ناراض کر دیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گلوکاری میں نمبر ایک پر ظاہر ہے چاہت فتح علی خان یعنی میں خود ہوں، نمبر دو پر عاطف اسلم ہیں جبکہ نمبر 3 پر راحت فتح علی خان ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم اچھے ہیں وہ ایک اچھوتی آواز کے مالک ہیں، اگرچہ ان کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا لیکن اب وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، لوگ نئے گلوکاروں کو سننا چاہتے ہیں، اس لیے عاطف دوسرے نمبر پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان بھی اچھے ہیں لیکن میں ان کو تیسرے درجے پر جگہ دوں گا کیونکہ اول درجے پر ہمیشہ چاہت فتح علی خان ہی رہے گا۔
مزاحیہ گلوکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین سیخ پا ہوگئے اور ان پر تنقید کے نشتر چلا دیے، ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ عاطف اسلم تو شرم سے کسی کونے میں جا کر رو رہے ہوں گے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ جان بوجھ کر بےوقوف بننے کی اداکاری کرتے ہیں، دراصل یہ بہت ہوشیار ہیں اور ایسی باتیں صرف شہرت کے لیے کرتے ہیں۔
متعدد صارفین نے لکھا کہ آپ نمبر ون ہیں، لیکن پیچھے سے گنتی شروع کی جائے تو۔ ایک صارف نے لکھا کہ ہمیں ان پر ہنسی کم اور افسوس زیادہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان کا وائرل گانا بدوبدی دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر چھا گیا تھا اور لوگوں نے اس پر بے شمار میمز اور ویڈیوز بنائی تھیں، اس سے قبل بھی وہ متعدد مزاحیہ گانوں کی وجہ سے خبروں میں رہ چکے ہیں۔