مردان میڈیکل کمپلیکس کے ڈائیلاسز وارڈ کے قریب حجام کے بال کاٹنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں وارڈ کے قریب حجام کو اسپتال کے ملازم کے بال کاٹتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ویڈیو مریض کے ساتھ آئے تیماردار نے بنائی۔
تیماردار کا موقف ہے کہ وارڈ کے قریب حجام بال کاٹ رہا ہے، جبکہ مریض متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈائریکٹر مردان میڈیکل کمپلیکس طارق محمود کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ وارڈ کی ایوننگ شفٹ معطل کردی۔
طارق محمود کا کہنا ہے کہ متعلقہ وارڈ انچارج سے واقعے پر وضاحت طلب کرلی گئی ہے اور معاملے کی انکوائری کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر مردان میڈیکل کمپلیکس کا مزید کہنا تھا کہ مریضوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔