• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نجم سیٹھی - فوٹو: فائل
نجم سیٹھی - فوٹو: فائل

اس سال پاکستان میں شیڈولڈ ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایشیائی کرکٹ حکام پر واضح کردیا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان سے کسی اور ملک منتقل نہیں ہوگی جبکہ بھارت  کے میچز کےلیے ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور فارمولا قبول نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے دبئی میں ایشین اور انٹرنیشنل کرکٹ حکام سے ملاقات کی جس میں ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے معاملات پر بات ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی بھارت میں ایونٹس نہ کھیلنے کا فیصلہ کرسکتا ہے، چاہے آئی سی سی ایونٹ ہو یا اے سی سی ایونٹ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں اگر بھارت کو پاکستان آنے میں مسئلہ ہے تو اس کےلیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا جاسکتا ہے جس میں بھارت کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر جبکہ دیگر میچز پاکستان میں ہوں۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے اس معاملہ پر بھی سیاست شروع کی ہے، تاہم وہ پاکستان کا مؤقف تبدیل نہیں کرواسکا۔

ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے یو اے ای کو بھارت کے میچز کا وینیو تجویز کیا تھا تاہم اس پر سری لنکا اور بنگلادیش سمیت بھارت کو اعتراض تھا کہ وہاں گرمی بہت ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ اس اعتراض کو تسلیم نہیں کر رہا تاہم ہر آپشن زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو پاکستان سے کسی اور ملک شفٹ کرنے کی تجویز بھی رد کردی۔

چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے مؤقف اپنایا کہ ایشیا کپ کی پاکستان سے منتقلی کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید