بھارتی چینل کے مشہور شو ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں مسز روشن سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ جنیفر مستری بنسیوال نے جمعرات کو انکشاف کیا کہ انہوں نے اس سال مارچ کے اوائل میں شو چھوڑ دیا تھا۔
انہوں نے اس موقع پر الزام عائد کیا کہ اس شو کے منتظمین نے ان پر جنسی حملہ کیا۔
جنیفر مستری بنسیوال نے جن افراد پر الزام عائد کیا ان میں سے ایک شو کے پروجیکٹ ہیڈ سوہل رامانی ہیں۔ انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنیفر مستری کا الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنیفر مستری نے شو چھوڑا نہیں، بلکہ پروڈکشن ہاؤس نے ان کا کنٹریکٹ ختم کیا تھا، ہم نے انہیں شو سے تین ماہ قبل نکال دیا تھا اور اب وہ مایوس ہیں۔ انہیں کام نہیں مل رہا تو اب وہ صرف بلیک میلنگ کے لیے یہ کررہی ہیں، یہ پبلسٹی حاصل کرنے کا گھٹیا طریقہ ہے۔
جنیفر مستری نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ سوہل رامانی اور پروڈیوسر اسیت مودی کے خلاف جنسی ہراسگی کا کیس داخل کریں گی۔
سوہل رامانی نے کہا کہ ہمارے شو میں ایک خواتین کمیٹی ہے انہوں نے وہاں شکایت کیوں نہیں کی؟ ہم میں سے کوئی بھی کبھی خواتین آرٹسٹ کے میک اپ روم تک میں نہیں جاتا، دراصل جنیفر، خواتین کارڈ کا استعمال کررہی ہیں۔