• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی آئین روند کر کراچی کا میئر بنانا چاہتی ہے: حافظ نعیم

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ لاڈلوں کی فرمائش ہے کہ صدر ٹاؤن جیالوں کو چاہیے، پیپلز پارٹی آئین کو روند کر کراچی کا میئر بنانا چاہتی ہے۔

کراچی میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ الیکشن کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا غلام بنا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آر اوز کی لسٹ سے تحریکِ انصاف کی مخصوص نشستیں غائب کر دی گئیں، الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری ادا کرے، کراچی کا میئر جماعتِ اسلامی کا ہو گا، تحریکِ انصاف کے نمائندے ہمارے رابطے میں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہر کو سنگین بلدیاتی مسائل کا سامنا ہے، 18 برس میں کے فور کا منصوبہ نہیں بن سکا، بلاول بتائیں کے فور منصوبہ کیوں نہیں بنا؟

انہوں نے کہا کہ آپ کو ٹینکر فری ملتا ہو گا، غریبوں سے پوچھیں کہ وہ کس صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست کی ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، سندھ حکومت ان انتخابات پر قبضہ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال کی جدوجہد کے بعد بلدیاتی الیکشن ہوئے، متنازع ووٹر لسٹوں کے باوجود جماعتِ اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے غیر جمہوری طریقے سے آر اوز کے ذریعے نتائج تبدیل کیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آر اوز کے ذریعے نتائج تبدیل کر کے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کیا گیا، تحریکِ انصاف کی بھی نشستوں پر اسی طرح قبضہ کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید